علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا قبائلی اضلاع، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے میٹرک تعلیم مفت کرنے کا اعلان

اسلام آباد (14 جولائی 2026ء): علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اپنے سماجی ذمہ داری کے پروگرام کے تحت قبائلی اضلاع، بلوچستان اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
یونیورسٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا اور انہیں تعلیمی و قومی ترقی کے عمل میں شامل کرنا ہے۔
وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ مالی مشکلات یا جغرافیائی فاصلے کسی بھی بچے کی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بننے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں تک معیاری تعلیم کی رسائی یونیورسٹی کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی گزشتہ کئی برسوں سے ان علاقوں کے طلبہ کے لیے خصوصی تعلیمی اقدامات کر رہی ہے جہاں تعلیمی سہولیات محدود ہیں۔ قبائلی اضلاع، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے طلبہ کے لیے مفت میٹرک تعلیم کی سہولت بھی اسی وژن کا حصہ ہے، جس سے ہزاروں طلبہ کو اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔
یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ سمسٹر خزاں 2026ء کے لیے میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح تک مختلف تعلیمی پروگرامز میں داخلے جاری ہیں۔
وائس چانسلر نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ علاقوں کے طلبہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیم کے فروغ، سماجی مساوات اور قومی ترقی کے لیے اپنی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرتی رہے گی تاکہ ملک کے ہر شہری کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
